رانا مشہود کی پاکستان سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم سے ملاقات
لاہور (سپورٹس ڈیسک )چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم آفس میں پاکستان سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم یوتھ پروگرام، مسلم ہینڈز کے نمائندگان اور پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے اراکین نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی صدارت رانا مشہود احمد خان نے کی۔یوتھ افیئرز ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کے اراکین میں عبداللہ، مبشر شاہ، محمد حماد، ندیم حسین، محمد مصطفیٰ ،محمد عیسیٰ ،شاہد انجم، محمد کاشف ،محمد بلال اور محمد ابراہیم شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران مسلم ہینڈز نے اپنے مشن پر روشنی ڈالی جس کا مقصد اسٹریٹ بچوں کو تعلیم، خواب، کھیل اور شناخت کے حقوق فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے ٹیم کے شفاف انتخابی عمل کے بارے میں بھی بتایا، جس میں آؤٹ ریچ، ٹرائلز اور اسکریننگ شامل تھے ، اور جس میں فٹبال مہارت کے ساتھ ساتھ ذاتی نشوونما کو بھی مدنظر رکھا گیا۔بعد ازاں ٹیم کے کھلاڑیوں نے فرداً فرداً اپنا تعارف کروایا اور اپنی زندگی کے سفر اور مستقبل کے خوابوں کے بارے میں آگاہ کیا۔