پاکستان،زمبابوے ویمنز ٹی ٹونٹی سیریز کا شیڈول جاری
پاکستان،زمبابوے ویمنز ٹی ٹونٹی سیریز کا شیڈول جاری سیریز12سے 15مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور زمبابوے کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان کراچی میں کھیلی جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے سلسلے میں تربیتی سیشنز، میڈیا سرگرمیوں اور میچوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔یہ سیریز12 سے 15 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگی۔10 مئی کو دونوں ٹیموں کے لیے آرام کا دن رکھا گیا ہے اور کسی قسم کی میڈیا سرگرمی شیڈول میں شامل نہیں۔11 مئی کو پاکستان اور زمبابوے کی خواتین ٹیمیں شام 6:30 بجے سے نیشنل بینک سٹیڈیم میں تربیت کریں گی۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کی کپتان ٹرافی کی رونمائی اور سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں شرکت کریں گی۔12 مئی کو دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی کھیلا جائے گا،جس کی پہلی گیند شام 7:30 بجے کرائی جائے گی۔ 14 مئی کو سیریز کا دوسرا میچ شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ 15 مئی کو سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلا جائے گا، جس کی پہلی گیند شام7:30 بجے کرائی جائے گی۔ سیریز کے اختتام پر بھی کسی ایک ٹیم کے کھلاڑی یا معاون عملے کے رکن کی میڈیا کانفرنس متوقع ہے ۔