کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ردو بدل کا امکان
کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ردو بدل کا امکان فنانشل ماڈل کے حوالے سے فیصلہ ہوگا،کئی کرکٹرز کی تنزلی اور ترقی ہوگی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا فنانشل ماڈل 30جون کو ختم ہو جائے گا جبکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت یکم جولائی سے شروع ہوگی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی فنانشل ماڈل کے حوالے سے فیصلہ کریں گے ، نئے سال کے کنٹریکٹس میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کا امکان ہے ۔ سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں 2023 ء میں 3برسوں کے لئے فنانشل ماڈل متعارف کرایا گیا تھا جسے محسن نقوی کے دور میں تبدیل نہیں کیا گیا لیکن فٹنس اور پرفارمنس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں ردو بدل کیا جاتا رہا۔ذرائع کے مطابق اب یکم جولائی سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت شروع ہوگی، اس سلسلے میں نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے ناموں کے حوالے سے ابتدائی بات چیت جاری ہے ۔گزشتہ برس 30کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا تھا، پہلی مرتبہ اے کیٹیگری میں کوئی کرکٹرز شامل نہیں تھا۔ کئی کرکٹرز کی کیٹیگریز میں تنزلی اور ترقی ہوگی۔ اذان اویس اور عبداللہ فضل سمیت ڈومیسٹک پرفارمرز کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔