جرمن فٹبال ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں زہریلا سانپ گھس آیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )امریکا میں جرمن ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں زہریلا سانپ نظر آنے کا انکشاف ہوا ہے ۔
جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان جوشوا کِمِش نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ میں قائم ٹیم کے تربیتی مرکز میں ایک زہریلا سانپ دیکھا گیا، جس کے بعد کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔شمالی کیرولائنا کے شہر ونسٹن سیلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کِمِش نے بتایا کہ ٹیم کو آگاہ کیا گیا کہ یہ سانپ زہریلا ہے اور اگر کسی کو کاٹ لے تو فوری طور پر ہسپتال جانا ضروری ہوگا۔ اگرچہ ایسے سانپ کے کاٹنے سے عام طور پر جان کا خطرہ کم ہوتا ہے لیکن یہ صورتحال پھر بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔دوسری جانب آسٹریا کی ٹیم نے اپنے تربیتی کیمپ میں سانپوں کے خطرے کے پیش نظر کھلاڑیوں کے سائیکل استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔