سپین میں فتح کا جشن: 10 لاکھ سے زائدشائقین کا سمندر سڑکوں پر

 سپین میں فتح کا جشن: 10 لاکھ سے  زائدشائقین کا سمندر سڑکوں پر

عوامی جوش وجذبے سے زمین ہل کر رہ گئی ، تھرتھراہٹ کو زلزلہ پیما مرکز نے بھی ریکارڈ کیا ،حادثے میں نوجوان ہلاک ٹرافی دینے کی تقریب میں ٹرمپ کے خلاف نعرے بازی ، ارجنٹینا کے کھلاڑی نے امریکی صدر سے ہاتھ بھی نہ ملایا

 میڈرڈ /نیویارک (نیوز ایجنسیاں )ورلڈ کپ 2026 کی فاتحانہ ٹرافی کے ساتھ سپین کی فٹبال ٹیم میڈرڈ پہنچ گئی، جہاں ان کا تاریخی اور فقید المثال استقبال کیا گیا۔ دارالحکومت کی سڑکوں پر10لاکھ سے زائد دھڑکتے دل اپنے قومی ہیروز کے پرجوش استقبال کیلئے امڈ آئے ۔ ٹیم نے پہلے شاہ فلپ ششم اور ملکہ لیٹیزیا سے زارزویلا محل میں ملاقات کی، جس کے بعد وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے بھی عالمی چیمپئن ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔ بعد ازاں کھلاڑی اوپن ٹاپ بس پر فتح کی پریڈ میں شریک ہوئے ۔فائنل نیویارک کے قریب واقع میٹ لائف سٹیڈیم (نیو جرسی) میں کھیلا گیا، جہاں سپین نے ارجنٹینا کو1-0سے شکست دیکر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ فیصلہ کن گول کے ساتھ ہی پورے سپین میں جذب و جنون کا زلزلہ آیا، عوام کے اس بے ساختہ رقص اور اچھل کود سے زمین پر تھر تھراہٹ کو زلزلہ پیما مرکز کے حساس آلات نے بھی باقاعدہ ریکارڈ کیا۔

یعنی جوش و ولولے نے زمین کو ہلا کر رکھ دیا ۔حکام کے مطابق مغربی شہر سیوڈاد روڈریگو میں جشن مناتے ہوئے شائقین کے وزن کی وجہ سے ایک فوارہ ڈھے گیا، جس پر کئی لوگ چڑھے ہوئے تھے ۔ حادثے میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔امریکی صدر ٹرمپ نے فیفا کے سربراہ انفانٹینو کے ساتھ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تمغے تقسیم کیے ۔ وہ ٹرافی پیش کرنے کی تقریب کیلئے بھی موجود رہے ۔جب ٹرمپ اور انفانٹینو ٹرافی کی تقریب کیلئے سامنے آئے تو ان کے خلاف نعرے بازی بھی سنائی دی، جبکہ کم از کم ایک کھلاڑی نے بظاہر ٹرمپ سے مصافحہ نہ کرنے کا انتخاب کیا۔ارجنٹینا کے کرسٹیان رومیرو انفانٹینو سے اپنا تمغہ وصول کرنے کے بعد ٹرمپ کے پاس سے بغیر ہاتھ ملائے گزر گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...