میسی کا سورج غروب ، لامین یامال فٹبال کا نیا شہنشاہ

 میسی کا سورج غروب ، لامین یامال فٹبال کا نیا شہنشاہ

نیا سٹارہر گول کے بعد 304کا ہندسہ بنا تا جو اسکے شہر کا پوسٹل کوڈ ہے عربی میں نام الامین جمال ، گرمی اور اعصاب شکن میچوں میں بھی روزے کا پابند

  نیویارک (دنیا رپورٹ )جب سپین کے 19سالہ لامین یامال نے ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر ارجنٹینا کے اشکبار سپر سٹار لیونل میسی کو گلے لگایا، تو یہ صرف دو کھلاڑیوں کا ملنا نہیں تھا، بلکہ فٹ بال کی مشعل کا ایک عظیم نسل سے دوسری جوان نسل کو منتقل ہونے کا جاودانی منظر تھا۔ یہ شاید ورلڈ کپ کے عظیم ترین سٹیج پر میسی کے الوداعی لمحات تھے ۔ ایسے اعصاب شکن اور غمگین ماحول میں یامال آگے بڑھے اور فٹ بال کے اس عظیم الشان تاجدار کو تسلی دی۔ یہ منظر ستمبر2007کی اس یادگار تصویر کا حسین تضاد تھا جس میں20سالہ میسی ایک خیراتی قرعہ اندازی کے موقع پر چھ ماہ کے ننھے یامال کو نہلا رہے تھے ۔ فائنل سے قبل وائرل ہونے والی وہ تصویر سچ ثابت ہو چکی تھی۔ وہ شیرخوار بچہ اب ایک عالمی چیمپئن بن کر ابھر چکا تھا، جبکہ میسی کا ورلڈ کپ کا سنہری سفر اختتام کو پہنچ رہا تھا۔ میسی کا سورج شاید غروب ہو چکا ہے ، لیکن لامین یامال کے درخشاں عہد کی سحر ابھی ابھی طلوع ہوئی ہے ۔بارسلونا کی مشہور اکیڈمی ’لا ماسیا‘اور پسماندہ گلیوں سے نکل کر فیفا ورلڈ کپ اور یورپی چیمپئن شپ کے عظیم سٹیڈیمز تک لامین یامال کی یہ داستانِ سفر محنت، بے مثال کامیابی اور اٹوٹ عقیدے کا ایک شاندار امتزاج ہے۔

لامین جب بھی میدان میں گول داغتے ہیں، تو اپنے ہاتھوں سے 304 کا ہندسہ بنا کر جشن مناتے ہیں۔ یہ محض ایک عدد نہیں بلکہ ان کے بچپن کے غریب اور پسماندہ محلے ’روکافونڈا‘ کا پوسٹل کوڈ ہے ۔ یہ انداز اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ کر بھی وہ اپنی عاجزانہ شروعات اور جڑوں کو کبھی نہیں بھولے ۔یورو کپ اور بین الاقوامی مقابلوں کی شدید گرمی اور اعصاب شکن میچوں کے دوران بھی انہوں نے رمضان کے روزے پابندی سے رکھے ۔ سٹیڈیمز میں ہراساں کیے جانے اور نسل پرستانہ جملوں کا سامنا ہونے پر انہوں نے بغیر کسی خوف کے سوشل میڈیا پر پیغام دیا کہ الحمدللہ!میں ایک مسلمان ہوں اور عقیدے پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ان کا نام عربی الفاظ ’الامین‘(سچا اور امانت دار)اور ’جمال‘(خوبصورتی) کا ایک دلکش مجموعہ ہے ، جو ان کے والدین نے اپنے مخلص اور مروت والے دوستوں کی یادگار کے طور پر رکھا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...