سری لنکا نے پاکستان ویمنز ٹیم کو ہرادیا، سیریز1-1سے برابر
وشمی گوناتنے اور ہرشیتھا سماراوکراما نے 203 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ28 جولائی کو کھیلا جائے گا
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) سری لنکا نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ایک روزہ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی، یوں اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے سدرا امین کی ناقابل شکست شاندار سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، جبکہ سری لنکا کی وشمی گوناتنے اور ہرشیتھا سماراوکراما نے ریکارڈ ڈبل سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔مہندا راجا پاکسے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپاتھو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے ۔ سدرا امین نے 120 گیندوں پر اپنی ساتویں ون ڈے سنچری مکمل کی اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہیں۔ گزشتہ میچ کی ہیرو گل فیروزہ نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ عائشہ ظفر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، منیبہ علی نے 45 رنز بنائے ۔ آخری اوورز میں کپتان فاطمہ ثنا نے صرف 18 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ 273 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو ابتدا ہی میں بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان چماری اتھاپاتھو صرف ایک رن بنا کر فاطمہ ثنا کی گیند پر نجیحہ علوی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئیں، تاہم اس کے بعد وشمی گوناتنے اور ہرشیتھا سماراوکراما نے پاکستانی باؤلرز کو کوئی موقع نہ دیا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 203 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی جو سری لنکا کی ویمنز ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے ۔وشمی گوناتنے نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، جبکہ ہرشیتھا سماراوکراما 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ وشمی گوناتنے کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments