ہاکی بحالی مہم کو کامیابی، 441 سکول نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ

ہاکی بحالی مہم کو کامیابی، 441 سکول نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ

رجسٹریشن ہدف مکمل ہوتے ہی ہاکی کٹس، کھیلوں کا سامان اور تربیتی کیمپس شروع ہونگے

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر )پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے تعاون سے گراس روٹ سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے شروع کی گئی قومی مہم میں اہم کامیابی حاصل کر لی ہے ۔ ملک بھر کے 441 سکول اب تک نیشنل ہاکی پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔تعلیمی اداروں کی بھرپور شرکت سے قومی کھیل کی بحالی اور گراس روٹ سطح پر طلبہ کو منظم اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کو امید ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں رجسٹرڈ سکولوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ جائے گی، جو ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے سکول ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کا ایک اہم سنگ میل ہوگا۔فیڈریشن کے مطابق یہ ہدف حاصل ہوتے ہی تمام رجسٹرڈ سکولوں میں ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ سند یافتہ ہاکی کوچز کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا تاکہ سکولوں کے طلبہ کے لیے باقاعدہ تربیتی کیمپ شروع کیے جا سکیں۔یہ تربیتی پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کو فروری 2027 میں ہونے والی پہلی قومی انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ کے لیے تیار کریں گے۔

اس چیمپئن شپ کا مقصد ملک بھر سے ابھرتے ہوئے باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کو تلاش کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے قومی سطح کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق نیشنل ہاکی پورٹل سکولوں کی سطح سے پائیدار ٹیلنٹ کی تیاری اور قومی ہاکی کی بحالی کے طویل المدتی منصوبے کا بنیادی ستون ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور صوبائی شراکت داروں کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید تعلیمی اداروں سے بھی اس قومی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...