پاکستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کا آج آغاز، بابر اعظم باہر

پاکستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کا آج آغاز، بابر اعظم باہر

ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کرینگے ،میڈیکل ٹیم انجری کا جائزہ لے رہی ہے ، امید ہے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی کپتان دستیاب ہوں گے شان مسعود مکمل طور پر فٹ ،محمد عباس ان کنڈیشنز میں اہم بولر ،سعود شکیل سمیت امید ہے کہ مڈل آرڈر اچھا کرے گا،قومی ہیڈ کوچ سرفراز احمد

لیڈز (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز آج ہوگا، سیریز کا پہلا ٹاکرا لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم انجری کے باعث لیڈز ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے ۔ ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے ۔لیڈز میں پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد نے کہا کہ میڈیکل ٹیم انجری کا جائزہ لے رہی ہے ، امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بابر اعظم دستیاب ہوں گے ۔سرفراز احمد نے یہ بھی کہا کہ شان مسعود پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں، پریکٹس میچ ہم جیتے ہیں، جس سے ہمارا اعتماد بڑھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری امید ہے کہ اچھا پرفارم کریں گے ، ابھی ہم فیصلہ کریں گے کہ کس کمبی نیشن کے ساتھ کھیلیں گے ۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ محمد عباس ان کنڈیشنز میں ہمارے لیے اہم بولر ہوں گے ، تمام کھلاڑیوں نے بڑی محنت کر رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل رہے لیکن وہ فارم میں ہیں، سعود شکیل سمیت بیٹرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں، امید ہے کہ مڈل آرڈر اچھا کرے گا۔سرفراز احمد نے کہا کہ بابر اعظم ہوتے تو مختلف کمبی نیشن بنانے کی کوشش کرتے ، جب آپ کا اہم کھلاڑی نہیں ہوتا تو سیٹ بیک ہوتا ہے لیکن تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج تا 23 اگست کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے ، دوسرا مقابلہ 27 اگست اور تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے شروع ہوگا۔بابر اعظم سیریز کے آغاز سے قبل دوستانہ میچ میں انجرڈ ہوگئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...