فیفا کے تعاون سے فٹ بال فار سکول پروگرام کا آغاز
30لاکھ طلبا کو فٹبال کی سہولت فراہم اورسرکاری سکولوں میں 62ہزارفٹبال تقسیم کرنا ہدف،پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں :محسن گیلانی فیفا ہر بچے کو فٹبال کھیلتا دیکھنا چاہتی ہے ،پاکستان میں ہر لڑکی کو بھی فٹبال میں آگے آنے کا موقع فراہم کرنا پروگرام کا اہم مقصد: انتونیو سانشیز
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے تعاون سے ملک میں گراس روٹس فٹبال کے فروغ اور نئی نسل کو کھیل کے میدان سے جوڑنے کیلئے فٹبال فار سکول پروگرام شروع کردیا جس کے تحت 30 لاکھ سکول طلبا کو فٹبال کی سہولت فراہم کرنے اور تین ہزار سے زائد سرکاری سکولوں میں ایک لاکھ 62 ہزار فٹبالز تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔اسلام آباد میں فیفا فٹبال فار سکول پروگرام کے منیجر انتونیو سانشیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں گراس روٹس سطح پر فٹبال کے فروغ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ، ہمارا مقصد فٹبال کو سکول لیول پر فروغ دینا اور سکولوں میں باقاعدہ مقابلوں کا انعقاد ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال ٹیلنٹ یا نوجوانوں کی کمی نہیں، ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے ۔محسن گیلانی نے بتایا کہ 50 سے زائد سرکاری اساتذہ کو فٹبال سے متعلق تربیت دی جاچکی ہے جبکہ دنیا بھر سے کوچز کو پاکستان لایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی فٹبال ٹریننگ فراہم کی جاسکے ۔ فیفا کے ساتھ مل کر فٹبال سنٹر آف ایکسیلنس بھی لانچ کیا جارہا ہے جو بین الاقوامی معیار کا ہوگا اور اس میں دو فٹبال پچز تعمیر کی جائیں گی۔انتونیو سانشیز نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کی ابھی شروعات ہوئی ہے ، فیفا ہر بچے کو فٹبال کھیلتا دیکھنا چاہتی ہے اور پاکستان میں ہر لڑکی کو بھی فٹبال میں آگے آنے کا موقع فراہم کرنا اس پروگرام کا اہم مقصد ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments