ورلڈ جونیئرٹینس کا اختتام،حمزہ اور احتشام نے ڈبلز ٹائٹل جیت لیا
فائنل میں پاکستان کے عامر مزاری اور بیلاروس کے الیگزینڈر ویارسوتسکی کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6 اور (10-7) سے شکست دی بوائز سنگلز فائنل تھائی لینڈ کے فاسن سنچالونگ نے جیتا،گرلز کیٹیگری کے سنگلز فائنل میں روس کی وکٹوریہ گرونتووا نے چیمپئن شپ جیتی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)جے 30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس میں پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بوائز ڈبلز فائنل میں پاکستان کے عامر مزاری اور بیلاروس کے الیگزینڈر ویارسوتسکی کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6 اور (10-7) سے شکست دے کر ملک کے لیے اعزاز حاصل کیا، جبکہ بوائز سنگلز فائنل میں تھائی لینڈ کے فاسن سنچالونگ نے پاکستان کے حمزہ رومان کو 6-3 اور 6-0 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ گرلز کیٹیگری کے سنگلز فائنل میں روس کی وکٹوریہ گرونتووا نے اپنی ہم وطن کھلاڑی واروارا روبسوا کو 6-2 اور 6-1 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیتی، جبکہ گرلز ڈبلز فائنل میں روس کی اریانا گریگوریان اور قازقستان کی پولینا سشکووا کی جوڑی نے تھائی لینڈ کی پیمپیسا وونگوانیتکاجون اور سری لنکا کی گتھمی ریانا فرنینڈو کو 6-1 اور 7-5 سے مات دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں 17 ممالک بشمول روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 62 کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں 39 بوائز اور 23 گرلز شامل تھیں۔ اختتامی تقریب میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود، شہریار،پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیا الدین طفیل نے کھلاڑیوں اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments