کتے کو گاڑی کے پیچھے گھسیٹنا شہری کو مہنگا پڑ گیا
قازقستان میں کتے کو گاڑی کے پیچھے باندھ کر گھسیٹنا شہری کو مہنگا پڑ گیا
نور سلطان(نیٹ نیوز) قازقستان میں ایک شخص کتے کو اپنی کار کے پچھلے حصے پر باندھ کر سڑک پر گھسیٹتا رہا جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ قازقستان کے علاقے اٹیراو میں لی گئی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کتے کو کار کے پیچھے باندھ کر گھسیٹا جارہا ہے ۔نامعلوم شخص کو سڑک پر دوسری گاڑیوں کے ڈرائیور نے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے اس اقدام سے باز نہ آیا ۔زخمی کتے کو بچانے والا ایک شخص کار سے اترا اور اس سے پوچھا کہ تم یہ کیوں کررہے ہو ؟ تو وہ کوئی جواب دئیے بغیر چلتا بنا، کتے کو فوری قریبی کلینک لے جایا گیا جہاں اسے درد کی دوائیں دی گئیں اور زخموں کا علاج کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق نامعلوم ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے جانوروں پر ظلم کے قوانین کے تحت تفتیش کی جائے گی۔