مصر میں فرعون کی تصویر والے نوٹ نے تہلکہ مچا دیا

قاہرہ(نیٹ نیوز)مصر میں ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک نوٹ کی تصویر گردش کر رہی جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ نئی 50 پاؤنڈ کرنسی کی ہے جو جلد ہی متعارف کرائی جائے گی۔
تصویر میں ایک ہاتھ میں ایک بینک نوٹ پکڑا ہوا ہے جس پر فرعون کے مجسمے کی تصویر بنی ہوئی ہے۔ معاملہ جب بہت زیادہ بڑھ گیا تو مصر کے سنٹرل بینک نے اپنی خاموشی توڑدی اور تردید جاری کی اور کہا کہ ایسا کوئی کاغذی نوٹ جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ مرکزی بینک نے ایک سال قبل 10 پاؤنڈز اور چند ماہ قبل 20 پاؤنڈز کی پیشکش کے بعد ابھی تک کسی نئی کرنسی کی پیشکش کا اعلان نہیں کیا ہے ۔مزید تحقیق سے واضح ہوا کہ تصویر میں موجود بینک نوٹ برسوں پہلے شائع ہونے والے فنکارانہ ڈیزائن کے سوا کچھ نہیں تھا۔بعد ازاں تصویر کی تلاش کے بعد معلوم ہوا کہ یہ ڈیزائن اس سے پہلے بھی شائع ہوچکا تھا۔