شرابی چور چوری کرتے زیادہ شراب پینے سے پکڑا گیا
ممبئی(نیٹ نیوز)بھارت کی ریاست تلنگانہ میں چور نے شراب کی دکان میں ڈکیتی کرنے کے بعد وہیں پر شراب پینا شروع کر دی ۔
جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ چور چھت کے ذریعے دکان میں داخل ہوا اور اس نے سی سی ٹی وی کیمرے بھی بند کر کے اپنے پکڑے جانے کی تمام امیدیں اور تمام شواہد مٹا دئیے ۔چور نے دکان میں موجود کیش اور سامان لوٹا تاہم پر اس نے دکان میں ہی اپنی کامیاب ڈکیتی کا جشن منانا شروع کر دیا۔چور ایک کے بعد ایک گلاس شراب پیتا گیا یہاں تک کہ وہ نشے میں چُور ہو کر گر پڑا اور پھر نہ اسے اٹھنا یاد رہا، نہ بھاگنا اور نہ ہی دکان سے واپسی نکلنا۔ اگلے روز صبح دکان کے ملازمین نے دیکھا کہ چور دکان میں نشے کی حالت میں پڑا ہے ،پولیس کو موقع پر بلائے جانے کے باوجود اسے ہوش نہ آیا اور چور سے اس کی شناخت اور دیگر تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پولیس کو موقع پر کچھ گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔