دنیا کی سب سے بڑی فٹبال بنا نے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ
میساچوسٹس (نیٹ نیوز)امریکی ریاست میساچوسٹس کی میساچوسٹس پورٹ اتھارٹی نے دنیا کی سب سے بڑی فٹبال بنا کر باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
مشرقی بوسٹن کے پیئرز پارک ٹو میں نصب اس دیوہیکل فٹبال کا قطر 47.9 فٹ ہے ، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کے بعد دنیا کی سب سے بڑی فٹبال قرار دیا۔اس شاندار کارنامے کے ساتھ امریکا نے قطر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل 2013 میں قطر میں تیار کی گئی 39.98 فٹ قطر والی فٹبال دنیا کی سب سے بڑی فٹبال کا اعزاز رکھتی تھی۔یہ ریکارڈ ساز فٹبال امریکی ریاست اوہائیو کی کمپنیوں برٹن انکارپوریٹڈ اور کری ایٹو اِنفلٹیبلز نے تیار کی ہے ۔اس منفرد تخلیق کا مقصد ان فیفا ورلڈ کپ میچز کا جشن منانا ہے جو جون اور جولائی میں بوسٹن سٹیڈیم، فاکسبرو میں کھیلے جائیں گے ۔