3ہزار آئٹمز پر اضافی کسٹمزڈیوٹی واپس لی جائے :لاہور چیمبر
حکومت تاجربرادری کے درمیان اعتمادسازی کے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہاکہ حکومت نے 1600آئٹمز پر ڈیوٹی صفر کی لیکن 3 ہزار آئٹمز پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی عائد کردی جس کی وجہ سے مصنوعات مہنگی اور مقامی صارفین کے مسائل میں اضافہ ہوا، یہ ڈیوٹی واپس لی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد سازی کے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی ۔ ایکسپورٹ سے وابستہ سیکٹرز کیلئے زیر وریٹنگ کی سہولت کے خاتمے سے برآمدی شعبہ کیلئے بہت سے مسائل پیدا ہوئے ہیں، حکومت کو اس فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت تب تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک حکومت اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد سازی نہ ہو لہذا حکومت تاجروں کے حقیقی مسائل فوری طور پر حل کرے ۔ وفاقی بجٹ کے بعد سے اب تک صنعتی و تجارتی سرگرمیاں انجماد کا شکار ہیں، کاروباری حجم سکڑ رہے ہیں اور تاجروں کی تشویش میں اضافہ ہورہا ہے ، پالیسیوں میں ترامیم کے ذریعے تاجر برادری کے تحفظات دور کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے پیچیدہ اور ناقابل قبول نظام، زیادہ پیداواری لاگت، غیرموافق کاروباری ماحول اور دیگر بہت سے مسائل کی وجہ سے معیشت سکڑ رہی ہے ، انڈسٹری اور تجارت بند ہورہی ہے ۔