یوٹیلیٹی سٹور پر اشیا نایاب، شہری خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور

یوٹیلیٹی سٹور پر اشیا نایاب، شہری خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور

فیصل آباد(عبدالباسط سے ) یوٹیلیٹی سٹورز حکام کو سنٹرل گورنمنٹ کی جانب سے مختلف اوقات میں 16 ارب روپے سے زائد مالیت کی خطیر سبسڈی کی فراہمی کے باوجود بھی فیصل آباد کے شہریوں کی قسمت نہ جاگ سکی۔

شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کے لیے بنائے گئے 100سے زائد یوٹیلیٹی سٹورز میں سے متعدد کے خالی ریک انتظامی غفلت کی عکاسی کررہے ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا ، گھی، چینی، دالیں، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیا خورونوش نایاب ہو گئیں جس کی وجہ سے خریداری کے لیے آنے والے شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ حکام کی جانب سے اشیا کی فراہمی کے حوالے سے کیے گئے بلندوبانگ دعوے بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں حکام کی جانب سے شہر کے 100سے زائد مختلف مقامات پر یوٹیلیٹی سٹور قائم کیے گئے ہیں۔

یوٹیلیٹی سٹورزقائم کرنے کا مقصد شہریوں کو سستے داموں اشیائے خورو نوش کی فراہمی اور انہیں ریلیف پہنچانا تھا لیکن یوٹیلیٹی سٹورز حکام کی غفلت اور لاپروائی کی وجہ سے شہر کے متعدد سٹورز پر دالیں، چینی ، گھی، کوکنگ آئل، آٹا اور دیگر بنیادی اشیا گزشتہ کئی مہینے سے نایاب ہیں۔ شہریوں کو ہمہ وقت ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز حکام کو مختلف اوقات میں 16 ارب روپے سے زائد مالیت کی سبسڈی بھی فراہم کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود فیصل آباد کے یوٹیلیٹی سٹورز کی صورتحال تبدیل نہ ہو سکی۔

شہر کے متعدد یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا نایاب ہونے کی وجہ سے خریداری کے لیے آنے والے شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے اور اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز حکام کی جانب سے اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے بجائے محض دعوے کرنے میں ہی اکتفا کیا جاتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز حکام کی جانب سے مبینہ طور پر خود ساختہ اشیا کا بحران پیدا کیا جاتا ہے تاکہ ان یوٹیلیٹی سٹورز سے ملحقہ پرائیویٹ میگا سٹور کو فائدہ پہنچایا جا سکے ۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری پرائیویٹ میگا سٹور کا رخ کرتے ہیں اور خریداری کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ پرائیویٹ میگا سٹور کے مالکان کو نوازنے کے عوض مبینہ طور پر یوٹیلیٹی سٹورز کے افسر اور ملازمین کی جانب سے بھاری نذرانے بھی وصول کر لیے جاتے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر ہمہ وقت اشیا کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں ریلیف اور سبسڈی فراہم کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں