جڑانوالہ:ٹی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے ناکے شہریوں کو مشکلات

جڑانوالہ:ٹی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے ناکے شہریوں کو مشکلات

وارڈنز کے رویے کے باعث لوگ مریضوں کی عیادت کرنے سے بھی ہچکچانے لگے

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جڑانوالہ ٹی ایچ کیو ہسپتال اور تھانہ سٹی کے سامنے ٹریفک پولیس کے مستقل ناکوں نے شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وارڈنز نے دونوں مقامات کے داخلی راستوں پر مستقل چیکنگ پوائنٹس قائم کر رکھے ہیں، جہاں خاص طور پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔شہریوں کے مطابق مریض اور ان کے لواحقین پہلے ہی علاج، ٹیسٹوں اور ادویات کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے پریشان ہیں، ایسے میں 2000 روپے کے چالان نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ ایمرجنسی صورتحال میں سب سے پہلے مریض کو ہسپتال پہنچانا ضروری ہوتا ہے۔؎

اس لیے اس نازک وقت میں ہیلمٹ چیکنگ اور بھاری جرمانے کسی بڑے امتحان سے کم نہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریفک وارڈنز کے رویے اور سختی کے باعث لوگ اب دوائی لینے ، مریضوں کی عیادت کرنے اور حتیٰ کہ تھانہ میں اپنے قانونی معاملات کے لیے جانے سے بھی ہچکچانے لگے ہیں، جس سے شہریوں میں خوف اور بے اعتمادی بڑھ رہی ہے ۔شہریوں نے آر پی او فیصل آباد، سی پی او فیصل آباد، سی ٹی او فیصل آباد اور ایس پی جڑانوالہ سے اپیل کی ہے کہ حساس عوامی مقامات، خصوصاً ہسپتال اور تھانہ کے باہر سے فوری طور پر ٹریفک ناکے ختم کروائے جائیں تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں