ون ڈش کی خلاف ورزی ، لاؤڈ اسپیکر استعمال پر کارروائی ہوگی

 ون ڈش کی خلاف ورزی ، لاؤڈ اسپیکر استعمال پر کارروائی ہوگی

عوامی شکایات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ عوامی شکایات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے پیشِ نظر انتظامیہ نے کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ نے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادیوں، تقریبات، فارم ہاؤسز، شادی ہالز اور کھلے گراؤنڈز میں بلند آہنگ میوزک اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے سکون، قانون کی بالادستی اور سماجی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے منتظمین اور شہریوں سے اپیل کی کہ حکومتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں