تھانہ لنگرآنہ کے اہلکار بھتہ خوری میں ملوث، مقدمہ درج
اے ایس آئی جاوید اقبال بھتہ خوری کا ماسٹر مائنڈ ،سعید احمد سے بھتہ مانگا
بھوآنہ (نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور میرٹ پر لانے کے دعوے عملی طور پر متاثر نظر آ رہے ہیں۔ تھانہ لنگرآنہ میں تعینات بعض اہلکاروں کے سنگین جرائم سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، تھانہ لنگرآنہ کے اے ایس آئی جاوید اقبال اور اس کے ماتحت کانسٹیبلز نصیر احمد، عبدالرحمن، عمران حیدر، ثقلین عباس، بلال، اسد بلوچ اور دو نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر بھتہ خوری اور ناجائز اختیارات کے استعمال میں ملوث نکلے ۔ اے ایس آئی جاوید اقبال بھتہ خوری کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
ملز موں نے سعید احمد کے ساتھ بدفعلی کروائی اور اسے بلیک میل کر کے رقم کا تقاضا کیا۔15 ہزار روپے وصول کیے گئے اور اسے حبس بے جا میں رکھتے ہوئے امین پور بنگلہ اور دیگر علاقوں میں لے جایا گیا، جبکہ 10 لاکھ روپے کا بھتہ طلب کیا گیا ۔سعید احمد کی خالہ فائزہ بی بی کی مدعیت میں تمام نامزد ملز موں کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔شہریوں نے آئی جی پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس میں احتساب کے عمل کو فوری طور پر فعال بنایا جائے ۔