جھنگ: جمعیت اہلحدیث کی 72 ویں قرآن و سنت کانفرنس

جھنگ: جمعیت اہلحدیث کی 72 ویں قرآن و سنت کانفرنس

جب تک ہم زندہ ہیں، صحابہ اور اہلبیت کی عظمت کا دفاع کرتے رہینگے:مقررین

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اہلحدیث یوتھ فورس حویلی بہادر شاہ ضلع جھنگ کے زیر اہتمام 72 ویں سالانہ قرآن و سنت کانفرنس مرکزی جامع مسجد اہلحدیث حویلی بہادر شاہ میں منعقد ہوئی۔کانفرنس کے دوسرے دن مرکزی جمعیت اہلحدیث سنٹرل پنجاب کے امیر حافظ یونس آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو سچ بولنا چاہیے اور جھوٹ سے گریز کرنا چاہیے ۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جھوٹ سے بچنا انسان کے ایمان کا حصہ ہے ۔ حافظ یونس آزاد نے بتایا کہ اماں فاطمہ رضی اللہ عنہا، اماں عائشہ رضی اللہ عنہا، حضرت ابوبکر، حضرت عمر، حضرت عثمان، حضرت علی اور اہلبیت پاک رضی اللہ عنہم سب سچے تھے ، اور ہر مشکل وقت میں سچے دل سے اللہ سے رجوع کرنا چاہیے اور گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے ۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع جھنگ کے امیر حافظ ثاقب سرور نے کہا کہ جب تک ہم زندہ ہیں، صحابہ اور اہلبیت کی عظمت کا دفاع کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے کارکن صحابہ کے غلام ہیں اور ہمارے اسلاف نے ہر جگہ صحابہ کی عظمت کا دفاع کیا۔مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے سینٹ میں عظمت صحابہ اور اہلبیت کا بل منظور کروایا۔ امیر ضلع جھنگ نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اہلحدیث یوتھ فورس میں شامل ہوں تاکہ بے راہ روی، فحاشی، عریانی اور فرقہ واریت سے بچتے ہوئے قرآن و سنت کے راستے پر رہیں۔کانفرنس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہمیشہ ملک میں قرآن و سنت کی تبلیغ کرتی رہی ہے اور فرقہ واریت کو زہر قاتل سمجھتی ہے ۔ انہوں نے پاک فوج کی قیادت کی بھی تعریف کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی، کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور استحکام میں بھرپور کردار ادا کرتی ہے ۔کانفرنس میں مولانا عبد اللہ سلفی، قاری عبدالرحیم کلیم، قاری جمیل اجمل، مولانا سحاق اکاڑوی، قاری سلیم خیالوی، مولانا عابد سلمان روپڑی اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں