پاک فوج کیخلاف مہم کی جتنی مذمت کی جائے کم:جمعیت اہلحدیث

 پاک فوج کیخلاف مہم کی جتنی مذمت کی جائے کم:جمعیت اہلحدیث

ایسے افراد اور گروہ ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے : علامہ عبدالرشید ،خالد محمود

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے خلاف جاری جھوٹے پراپیگنڈے اور منفی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص جماعت اور چند عناصر کی جانب سے افواجِ پاکستان کے بارے میں ہرزہ سرائی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ ایسے افراد اور گروہ ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج ایک آہنی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور حالیہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کو واضح پیغام دینے کے ساتھ عالمی برادری کے سامنے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا لوہا منوایا ہے ۔

علامہ عبدالرشید حجازی نے عالمِ کفر اور استعماری قوتوں کے ایماء پر پاک فوج اور چیف آف آرمی اسٹاف کے خلاف بولنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیروں کے ہاتھوں کھلونا بننے کے بجائے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔رہنماؤں نے کہا کہ ایسے عناصر کا ایجنڈا سوائے بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کے کچھ نہیں۔ جب پاک فوج روزانہ کی بنیاد پر سرحدوں پر فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کر رہی ہے ، ایسے حالات میں منظم منصوبے کے تحت پاک فوج کے خلاف جاری مہم کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے حکومت اور فیلڈ مارشل سے مطالبہ کیا کہ پاک فوج اور پاکستان کے خلاف زبان درازی کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کر کے سخت ترین سزا دی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں