منشیات کے مکمل خاتمہ کیلئے عوامی تعاون ضروری : نویدعاطف
مقدمات کی معیاری تفتیش کو یقینی بناتے ہوئے ملزمان کو سزائیں دلوائی جا رہی ہیں مختلف علاقوں سے 18 منشیات فروش گرفتار ، لاکھوں مالیت کی ہیروئن،چرس برآمد
چنیوٹ، چناب نگر (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن \'\'ڈرگ فری پنجاب\'\' کے تحت منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ پولیس نے مختلف علاقوں سے 18 منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں مالیت کی ہیروئن اور چرس برآمد کر لی ۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 16 کلو گرام سے زائد چرس ، 8 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی ۔اس حوالے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف کا کہنا تھا کہ اپنی نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ضلع بھر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ ضلع بھر میں سپیشل مہم کے تحت منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ منشیات کے مقدمات کی معیاری تفتیش کو یقینی بناتے ہوئے ملزمان کو سزائیں دلوائی جا رہی ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منشیات کے مکمل خاتمہ کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی علاقے میں منشیات فروشی کی اطلاع میرے نمبر پر دیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے ۔