صدر اور کمیٹی بازار میں بیوٹیفکیشن منصوبہ سست ، شہری پریشان
کئی مقامات پر گہرے گڑھے ،حفاظتی اقدامات نہ ہونے سے لوگ حادثات میں زخمی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )صدر بازار اور کمیٹی بازار میں انڈر گراؤنڈ کیبلنگ کے منصوبے کی کھدائی کے بعد کام سست روی کا شکار ہے ، جس سے شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔بازار میں کئی مقامات پر گہرے گڑھے پڑے ہیں، روشنی اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے متعدد خواتین اور بچے زخمی ہو چکے ہیں۔ بارش کے پانی سے گڑھے بھر جاتے ہیں، جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ شہریوں اور تاجر برادری نے کمشنر فیصل آباد سمیت دیگر حکام سے منصوبے کی جلد تکمیل اور حفاظتی اقدامات کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔