چک جھمرہ ماڈل ریڑھی بازار کی تعمیر کا اعلان کر دیا گیا
ایم پی اے آزاد علی تبسم کی اسسٹنٹ کمشنر سید زبیر حبیب گیلانی سے ملاقات
چک جھمرہ (نامہ نگار )ایم پی اے پی پی 98 آزاد علی تبسم نے نئے تعینات اسسٹنٹ کمشنر سید زبیر حبیب گیلانی سے خصوصی ملاقات کی اور جھمرہ میں جاری ترقیاتی کاموں، ریڑھی بھانوں اور بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ماڈل بازار میں ملاقات کے دوران آزاد علی تبسم نے کہا کہ باقی شہروں کی طرح جھمرہ میں بھی ریڑھی بھانوں کے لیے ماڈل ریڑھی بازار بنایا جانا چاہیے تاکہ ریڑھی مالکان بے خوف و خطر اپنا روزگار کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازار کے سامنے والی دکانیں گرائی گئی تھیں۔
ان دکانداروں کو سہولت بازار میں بنائی جانے والی دکانوں میں ترجیح دی جائے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے تصدیق کی کہ بہت جلد ماڈل ریڑھی بازار کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا اور آنے والے چند ماہ میں جھمرہ ایک خوبصورت شہر بن جائے گا، جبکہ سہولت بازار میں بھی ان دکانداروں کو ترجیح دی جائے گی جن کی دکانیں گرائی گئی تھیں۔