مکوآنہ :مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی، 7 افراد جھلس گئے
ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی، آگ پر قابو، زخمی الائیڈ ہسپتال منتقل
مکوآنہ (نمائندہ دنیا)سنٹرل جیل مکوآنہ کے قریب جڑانوالہ سے فیصل آباد جانیوالی مسافر ویگن میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں 7مسافر جھلس گئے ۔ اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔حادثہ میں ایک شخص کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 6 جھلسنے والے افراد کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 50 سالہ ساجدہ بی بی، 55 سالہ اکرم، 17 سالہ نور فاطمہ، 27 سالہ سلمان، 45 سالہ آصف، 75 سالہ یوسف اور 42 سالہ تاج محمد شامل ہیں۔واقعہ کے بعد پولیس اور ریسکیو حکام نے موقع کا جائزہ لیا جبکہ ویگن کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ۔ خوش قسمتی سے بروقت کارروائی کے باعث بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔