سلطان چوک مدوکی روڈ پر رکشہ کنویں میں گرنے کا حادثہ
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں پہنچ گئیں ، تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) سلطان چوک مدوکی روڈ پر گہرے کنویں میں موٹر رکشہ گرنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں چار افراد پھنس گئے تاہم بروقت کارروائی کے باعث تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا، جب موٹر رکشہ بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود گہرے کنویں میں جا گرا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کنٹرول روم سے اطلاع ملنے پر قریبی ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل کو فوری روانہ کیا گیا۔ موقع پر پہنچ کر ریسکیورز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا اور کنویں میں پھنسے چاروں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ریسکیو اہلکاروں نے معمولی زخمی افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی ہونے والوں میں 22 سالہ شہزیب ، 18 سالہ جبار، 38 سالہ نازیہ ، اور 9 سالہ سہیل خان شامل ہیں۔