چناب نگر: بجٹ 2026ء سے قبل عوامی ریلیف کا مطالبہ
مہنگائی بہت زیادہ ہے ، نئے ٹیکسز ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں:شہری
چناب نگر (نامہ نگار)وفاقی بجٹ 2026ء کی آمد سے قبل عوام کی نظریں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر مرکوز ہیں۔ شہریوں، مزدوروں، تاجروں اور سرکاری ملازمین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مہنگائی، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید متاثر ہیں، ایسے میں نئے ٹیکسز ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے ، کم از کم اجرت میں بہتری لائی جائے اور بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں کمی کر کے فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔اسی طرح زرعی علاقے بھوآنہ کے کسانوں نے بھی کھاد، بیج اور زرعی ادویات پر سبسڈی دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ زرعی لاگت میں کمی لائی جا سکے اور کاشتکار طبقہ سہولت محسوس کرے ۔شہریوں کے مطابق آنے والا بجٹ حکومت کے لیے ایک اہم امتحان ہے اور سب کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرتی ہے یا مزید مالی بوجھ ڈالتی ہے ۔