فرانزک نظام اپ گریڈیشن،28اضلاع میں جدید کرائم سین یونٹ بنیں گے
قتل، زیادتی سمیت سنگین مقدمات کی تفتیش کیلئے قصور، ننکانہ ودیگراضلاع میں کرائم سین یونٹ 24 ماہ میں فعال کرنیکا ٹارگٹ
لاہور (عمران اکبر )پنجاب میں فرانزک نظام کی بڑی اپ گریڈیشن کا فیصلہ،28 اضلاع میں جدید کرائم سین یونٹس بنائے جائینگے ۔قتل، زیادتی اور دہشتگردی سمیت سنگین مقدمات کی تفتیش کیلئے 28 نئے کرائم سین یونٹ بنائے جائینگے جس سے شواہد کے ضائع ہونے اور ناقص تفتیش کے مسائل ختم ہونگے ۔جدید ٹیکنالوجی اور فرانزک ماہرین سے لیس کرائم سین یونٹ ضلعی سطح پر فوری رسپانس یقینی بنائینگے ۔سکیورٹی اداروں اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں مؤثر رابطے کیلئے نئے یونٹ بنائے جائینگے ۔شواہد کی کلیکشن، پیکنگ، تحفظ اور منتقلی عالمی معیار کے مطابق کرنے کا ہدف مقرر ،تفتیشی نظام مزید مضبوط ہوگا۔کرائم سین پر بروقت رسائی اور سائنسی شواہد کے تحفظ سے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں مدد ملے گی۔اس سے قبل ڈویژنل ہیڈ کواٹرز میں 8کرائم سین یونٹ فعال ہیں۔ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، رحیم یار خان اور گجرات میں کرائم سین یونٹس کی تعمیر جاری ہے ۔بھکر، جھنگ، سیالکوٹ، قصور، ننکانہ ،اوکاڑہ سمیت دیگر 28اضلاع میں کرائم سین یونٹس 24ماہ میں فعال کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔14ارب سے منصوبے کو مکمل کیا جائیگا۔