محبت، علم ، اخوت کو عام کرنا اہلِ علم کا دینی فریضہ :علامہ ریاض
طلبہ کو شدت پسند نظریات سے دور رکھنے اور قرآن سے رہنمائی لینے پر زور
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ادارہ نظام المدارس کے زیر اہتمام پریس کلب ہال میں ڈپلومہ ان قرآن اسٹڈیز کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں علمائے کرام اور مقررین نے نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت پر زور دیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو شدت پسندانہ نظریات سے دور رکھنا اور نوجوان نسل کو قرآن و اسوۂ رسول ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبت، علم اور اخوت کو عام کرنا اہلِ علم کا دینی فریضہ ہے ، جبکہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہے ۔اس موقع پر دیگر علمائے کرام میں علامہ عزیز الحسن اعوان، علامہ حافظ سعید رضا بغدادی، پیر محمد صدیق الرحمن، احمد خالقی، صاحبزادہ محمد احمد رضا اور مولانا محمد تنویر طاہر راٹھور نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں کا حصہ نہ بنا جائے ، اور استحکامِ پاکستان و اتحاد بین المسلمین کا پیغام عوام تک پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نفاق پھیلانے کے راستے کو علماء اور تمام طبقات کو مل کر روکنا ہوگا۔