چناب نگر :بنیادی سہولیات کے فقدان پر شہریوں کا اظہارِ تشویش
ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد نہ ملنے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر اور اس کے گردونواح میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق علاقے میں صحت، تعلیم اور کھیلوں سمیت متعدد شعبوں میں سہولیات کا شدید فقدان ہے ، جس کے باعث عوام کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چناب نگر میں ایسا کوئی جدید سرکاری ہسپتال موجود نہیں جہاں مکمل طبی سہولیات دستیاب ہوں، جبکہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مریضوں کو معمولی علاج کے لیے بھی دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد نہ ملنے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔اسی طرح شہریوں نے نشاندہی کی کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان نہ ہونے کے برابر ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کھیلوں اور تفریحی سہولیات کی کمی کے باعث نوجوان نسل منفی سرگرمیوں اور منشیات کی طرف مائل ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے ۔سماجی و عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال قائم کیے جائیں، ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جائیں۔