محرم الحرام: بین المسالک ہم آہنگی کیلئے جھنگ پولیس متحرک

محرم الحرام: بین المسالک ہم آہنگی کیلئے جھنگ پولیس متحرک

کسی شرپسند عنصر کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی :ڈی پی او

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے جھنگ پولیس کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ساجد حسین نے تھانہ اٹھارہ ہزاری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جلوسوں اور مجالس کے منتظمین، لائسنسداران، ممبران امن کمیٹی اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندہ علماء کرام سے تفصیلی اجلاس کیا۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، بین المسالک رواداری، باہمی احترام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے ضلع میں امن کے قیام کے لیے جھنگ پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت، اتحاد اور قربانی کا درس دیتا ہے ۔ قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ۔ جھنگ پولیس تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، امن کمیٹیوں اور شہریوں کے تعاون سے ایک پرامن اور مثالی ماحول کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی شرپسند عنصر کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں