جڑانوالہ :ممنوعہ شاپر بیگز کیخلاف کریک ڈاؤن، جرمانے ،دکانیں سیل

جڑانوالہ :ممنوعہ شاپر بیگز کیخلاف کریک ڈاؤن، جرمانے ،دکانیں سیل

محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے سبزی منڈی سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات پنجاب نے جڑانوالہ میں ممنوعہ پلاسٹک شاپر بیگز کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو جرمانے عائد کیے اور کئی دکانیں سیل کر دیں۔محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے سبزی منڈی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جہاں متعدد دکاندار ممنوعہ پلاسٹک شاپر بیگز استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے جرمانے کیے گئے ، جبکہ کئی دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا۔محکمہ ماحولیات کے حکام نے کہا کہ پلاسٹک شاپر بیگز ماحولیاتی آلودگی کا ایک بڑا سبب ہیں، اسی لیے ان کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ۔انہوں نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک شاپرز کے بجائے کپڑے یا کاغذ کے تھیلوں کا استعمال کریں اور ماحول کو صاف اور محفوظ بنانے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں