چناب نگر میں تجاوزات اور رکشوں، ریڑھیوں کی بھرمار
خریداری کیلئے آنے والوں کو بازاروں سے گزرنے میں دشواری
چناب نگر (نامہ نگار)مین بازار اور اندرون شہر میں تجاوزات، رکشوں اور ریڑھیوں کی بھرمار کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ خریداری کیلئے آنے والے مقامی افراد، خواتین، بزرگ شہریوں اور پیدل چلنے والوں کو بازاروں سے گزرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے ، جبکہ ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نئی قائم کی گئی پیرا فورس کے باوجود بازاروں میں غیر قانونی پارکنگ، رکشوں اور ریڑھیوں کی بے ہنگم موجودگی پر قابو نہیں پایا جا سکا، جس سے فورس کی کارکردگی پر بھی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
ان کے مطابق انتظامیہ کی غفلت کے باعث اندرون شہر رکشوں اور ریڑھیوں کے داخلے پر مؤثر پابندی دکھائی نہیں دیتی، جس کے نتیجے میں روزانہ ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور معمولی باتوں پر جھگڑے بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ اگر کسی ریڑھی بان یا رکشہ ڈرائیور کو راستہ دینے یا گاڑی ہٹانے کا کہا جائے تو بعض افراد بدتمیزی اور تلخ کلامی پر اتر آتے ہیں، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو جاتی ہے ۔