عباس پور میں صفائی کا نظام مفلوج، کوڑے کے ڈھیر

عباس پور میں صفائی کا نظام مفلوج، کوڑے کے ڈھیر

بند نالیوں کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے سے مشکلات

پینسرہ (نمائندہ دنیا)یونین کونسل 144، چک نمبر 245 رب عباس پور، آبادی سید والا اور حسین آباد میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے گلیوں، بازاروں، چوکوں اور چوراہوں پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جبکہ بند نالیوں کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق صفائی کا عملہ طویل عرصے سے علاقے میں نظر نہیں آیا، جس کے باعث گندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ گھروں کے باہر جمع کوڑا کرکٹ سے تعفن پھیل رہا ہے۔

جبکہ بند نالیوں کی وجہ سے نکاسی آب کا نظام بھی مفلوج ہو چکا ہے اور گلیوں میں کھڑا پانی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہا ہے ۔مقامی شہریوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی  ستھرا پنجاب  مہم کے دعووں کے باوجود ان کے علاقے میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہے ، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔اہل علاقہ نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صفائی عملہ تعینات کیا جائے ، نالیوں کی صفائی کرائی جائے اور کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھا کر شہریوں کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں