چنیوٹ: ترقیاتی کام مقررہ مدت،معیار کے مطابق کرنیکا حکم
ٹف ٹائل لگانے کے عمل میں رکاوٹ یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی : ڈی سی
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل، ایکسین ہائی ویز محمد احمد، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف، منیجر ستھرا پنجاب محمد حمزہ اور دیگر متعلقہ افسروں کے ہمراہ لاہور روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹف ٹائل لگانے کے جاری منصوبے ، صفائی ستھرائی اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہری جلد بہتر سفری اور پیدل آمدورفت کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے واضح کیا کہ ٹف ٹائل لگانے کے عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دکانوں کے سامنے قائم تمام تجاوزات فوری طور پر ختم کروائی جائیں تاکہ ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رہ سکیں۔