میزان بینک نے اقراء یونیورسٹی میں اسلامک فن ٹیک سینٹر آف ایکسیلینس قائم کردیا
کراچی(سٹی ڈیسک)میزان بینک نے اقراء یونیورسٹی کے اشتراک سے آئی یو سینٹر آف ایکسیلینس اِن اسلامک فن ٹیک قائم کیا ہے ۔۔
اس سینٹر کا افتتاح اقراء یونیورسٹی کے ای ڈی سی ڈیفنس کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ تھے ۔یہ مرکز اسلامی مالیات اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے امتزاج پر تحقیق، جدت، صنعتی اشتراک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کیلئے قائم کیا گیا ہے ۔اس موقع پر اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے اقراء یونیورسٹی اور میزان بینک کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک اسلامی مالیات کے فروغ، ذمہ دارانہ جدت اور مالیاتی شمولیت کو وسعت دینے والے ایسے اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ وائس چانسلر اقراء یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نصر اکرام نے کہا کہ یہ سینٹر علم، تحقیق، جدت اور صنعت سے مؤثر روابط کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے عزم کااظہار ہے ۔ میزان بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیدعامر علی نے اپنے کلیدی خطاب میں مرکز کے قیام کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شریعہ سے ہم آہنگ جدت، مہارتوں کے فروغ اور مالیاتی شمولیت کو تقویت دے گا۔