پابندیاں ناکام، چھٹی کے دن نہروں پر رش

پابندیاں ناکام، چھٹی کے دن نہروں پر رش

رواں برس درجنوں افراد ڈوب کر جان کی بازی ہار چکے ،حفاظتی انتظامات نہ ہو نے کے برابر ، نہروں میں نہانے پر پا بندی سے متعلق مؤثر مہم چلائی جائے :شہری

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )پابندیوں اور آگاہی مہمات کے باوجود نہروں اور راجباہوں میں نہانے کا خطرناک رجحان کم نہ ہو سکا، چھٹی کے روز گر می کے ستائے منچلوں کا نہروں پر رش رہا ۔ رواں برس فیصل آباد ڈویژن سمیت مختلف اضلاع میں درجنوں افراد نہروں میں ڈوب کر جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات کے فقدان کے باعث مزید قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ برقرار ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق یکم جون کو فیصل آباد کے علاقے کنال روڈ 204 چک پل کے قریب 6 سالہ عبدالرحمن نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ اسی روز سیدوالہ روڈ نہر میں 20 سالہ عبدالقدیر بھی ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا۔

7 جون کو 28 ج ب کے علاقے میں 4 سالہ کومل نہر میں ڈوب گئی، جبکہ 13 جون کو جھامرہ کے قریب دریا سے 17 سالہ علی عمر کی لاش برآمد ہوئی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 9 جون کو 4 سالہ مومنہ اور 11 جون کو تاندلیانوالہ میں 8 سالہ باسط نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے ۔ گوجرہ میں یکم جولائی کو 45 سالہ سجاد جبکہ 9 جولائی کو عبداللہ پل کے قریب 9 سالہ عبداللہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی نہروں میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعات رپورٹ ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں مرالہ راوی لنک کینال میں 18 مئی کو 13 سالہ کومل اور اس کا 7 سالہ بھائی سمیر بھی ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل حادثات کے باوجود نہروں، راجباہوں اور دیگر آبی گزرگاہوں پر حفاظتی اقدامات انتہائی ناکافی ہیں۔ بیشتر مقامات پر نہ تو انتباہی بورڈ نصب ہیں، نہ حفاظتی باڑ موجود ہے اور نہ ہی مؤثر نگرانی یا باقاعدہ گشت کا انتظام کیا گیا ہے ، جس کے باعث بچے اور نوجوان بدستور نہروں میں نہاتے نظر آتے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نہروں پر حفاظتی انتظامات اور مؤثر آگاہی مہمات چلائی جائیں تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نہروں میں نہانے والے بچوں کے والدین اور خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...