لالیاں :اے سی حبیبہ بلال کابڑے قبرستان کا اچانک دورہ
صفائی، تجاوزات اور نکاسی آب کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
لالیاں(نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر لالیاں حبیبہ بلال نے بڑے قبرستان لالیاں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر تحصیل سپروائزر ستھرا پنجاب اتھارٹی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ دورے کا مقصد قبرستان میں صفائی ستھرائی، تجاوزات اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔اسسٹنٹ کمشنر نے قبرستان کے اندر اور اطراف میں موجود کچرے ، گھاس اور نکاسی آب کے نظام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے قبرستان کی چار دیواری اور راستوں کی حالت بھی چیک کی۔ اس موقع پر انہوں نے تحصیل سپروائزر ستھرا پنجاب اتھارٹی کو ہدایت کی کہ قبرستان میں فوری طور پر صفائی مہم تیز کی جائے اور کچرا اٹھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں۔ قبرستان کے اندر اور باہر تجاوزات فوری ختم کی جائیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے اور بارش کے پانی کے کھڑے ہونے کا مسئلہ حل کرنے کے ساتھ قبرستان میں روشنی کا مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی۔ حبیبہ بلال نے کہا کہ شہریوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے قبرستانوں کی صفائی اور دیکھ بھال حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ، اس حوالے سے ستھرا پنجاب اتھارٹی اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرے ۔ علاقہ مکینوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے دورے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قبرستان کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments