تحریک پاکستان میں اکابرین اہلحدیث کا لازوال کردار :مقررین
نظریہ پاکستان کے تحفظ اور ملکی استحکام کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے :رہنما اہلحدیث
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف نے پاکستان کی بنیاد اپنے پاکیزہ خون سے رکھی۔ تحریک پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اکابرین اہلحدیث، مولانا سید داؤد غزنوی، مولانا اسماعیل سلفی، حافظ محمد گوندلوی، مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی، مولانا عبداللہ محدث دہلوی، مولانا ثناء اللہ امرتسری، مولانا محمد رفیق پسروی، مولانا معین الدین لکھوی اور حافظ عبدالقادر روپڑی سمیت دیگر علما و مشائخ نے لازوال اور بے مثال کردار ادا کیا۔شہدا پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ تحریک پاکستان کے مخالف اور کانگریس کی حمایت کرنے والے آج پاکستان کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت ہماری ماؤں، بہنوں، بزرگوں، بچوں اور نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر خون کے دریا عبور کیے اور اس ملک کی بنیاد رکھی۔
مقررین نے کہا کہ آج ہمارے حکمران اور سیاست دان لاکھوں شہدا کے خون سے غداری کر رہے ہیں۔ جن لوگوں نے انگریز دور میں مجاہدین کو مخبری کے ذریعے انگریزوں کے حوالے کرکے جاگیریں اور مراعات حاصل کیں، آج وہی پاکستان کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ آزادی کا جشن منانے والوں کو نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہونے والے ملک میں توحید و سنت کے پرچم کو سربلند کرنے کے لیے قیام پاکستان جیسے جذبے کی ضرورت ہے ۔ حکمرانوں اور سیاست دانوں کی اسلام و پاکستان مخالف پالیسیوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو دنیا بھر میں بلند مقام دلانے کے لیے مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کا ہر جوان ہمہ وقت تیار ہے ۔ انہوں نے شہدا پاکستان کے درجات کی بلندی، ملکی بقا، سلامتی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments