قومی اقلیتی دن:جی سی ویمن یونیورسٹی میں واک و سیمینار
مذہبی اقلیتوں کی خدمات کو خراجِ تحسین، مساوی حقوق کے عزم کا اعادہ
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں قومی اقلیتی دن کے موقع پر آگاہی واک اور خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد قیامِ پاکستان سے لے کر قومی تعمیر و ترقی تک مذہبی اقلیتوں کی خدمات کو اجاگر کرنا اور باہمی احترام، مذہبی آزادی اور مساوی شہری حقوق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی قیادت میں آگاہی واک نکالی گئی، جس میں اساتذہ، افسران اور طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اہم حصہ ہیں اور آئینِ پاکستان انہیں مکمل تحفظ اور دیگر شہریوں کے برابر حقوق فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو باہمی احترام، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔بعد ازاں ‘‘تحریکِ پاکستان سے قومی تعمیر تک مذہبی اقلیتوں کا کردار اور خدمات’’ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے ڈاکٹر اسماء عزیز، ڈاکٹر نجمہ بانو اور ڈاکٹر عمرانہ شہزادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام شہریوں کا مشترکہ وطن ہے ، جہاں مذہبی آزادی، باہمی احترام اور مساوی حقوق بنیادی اقدار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تحریکِ پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتی برادریوں کی خدمات کو سراہا۔تقریب میں سسٹر نسیم نعمت، پرنسپل سیکرڈ ہارٹ کانونٹ ہائی سکول فیصل آباد نے بطور ریسورس پرسن شرکت کی، جبکہ سائبانِ پاکستان کے نیشنل کوآرڈینیٹر کرسٹوفر شرف نے آن لائن خطاب کیا۔ سسٹر نسیم نعمت نے غیر مسلم پاکستانیوں کی قومی ترقی، استحکام اور سماجی فلاح کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مساوی حقوق کے وژن کو اجاگر کیا۔ تقریب کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز، ہیومن رائٹس اینڈ پیس سوسائٹی، میڈیا سوسائٹی اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments