اٹھارہ ہزاری :غیر معیاری اشیاکی فروخت ، شہریوں کو تشویش

اٹھارہ ہزاری :غیر معیاری اشیاکی فروخت ، شہریوں کو تشویش

کم وزن روٹی اور نان بھی زائد قیمتوں پر فروخت کیے جانے کی بھی شکایات

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) اٹھارہ ہزاری میں مبینہ طور پر ناقص اور ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش کی فروخت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس، سویٹس اینڈ بیکرز پر غیر معیاری کھانے اور اشیائے خورونوش فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ کم وزن روٹی اور نان بھی زائد قیمتوں پر فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔مہنگائی کے موجودہ دور میں بعض کاروباری مراکز مبینہ طور پر زیادہ منافع کے حصول کے لیے کھانوں، مٹھائیوں، پیزا، برگر، شوارما اور دیگر اشیائے خورونوش کے معیار پر سمجھوتہ کر رہے ہیں، جس سے شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اٹھارہ ہزاری، بھکر روڈ، جھنگ روڈ، لیہ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں قائم متعدد ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس اور بیکریوں کے بارے میں غیر معیاری خوراک کی فروخت کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

ان کے مطابق ناقص اور ملاوٹ شدہ اشیاء کے استعمال سے مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے ۔مقامی افراد نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کی جانب سے خوراک کے معیار، صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی نگرانی مؤثر انداز میں نظر نہیں آ رہی، جس کے باعث بعض کاروباری مراکز مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کو نظر انداز کر رہے ہیں۔شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ شہر میں کم وزن روٹی اور نان مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ، ضلعی انتظامیہ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں ہوٹلوں، فوڈ پوائنٹس اور سویٹس اینڈ بیکرز کی اچانک چیکنگ کی جائے ، صفائی اور خوراک کے معیار کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...