جھنگ روڈ پر یوٹرن ختم ہونے سے شہریوں کو مشکلات
شہریوں کو طویل فاصلہ طے کرکے واپس آنا پڑتا ، ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں درخواست دیدی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )افسروں کی مبینہ من مانی اور ہٹ دھرمی کے باعث شہری مشکلات سے دوچار ہوگئے ، موٹروے ٹوبہ انٹرچینج سے رجانہ انٹرچینج تک جاری ڈبل روڈ منصوبے کے تحت جھنگ روڈ پر یوٹرن کی عدم موجودگی شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن گئی۔شہر کی آبادی سڑک کے دونوں اطراف پھیلی ہوئی ہے اور شہریوں کو روزمرہ ضروریات کے سلسلے میں دن میں کئی مرتبہ سڑک کی ایک جانب سے دوسری جانب آنا جانا پڑتا ہے ، تاہم شہباز چوک سے گورنمنٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ تک یوٹرن ختم ہونے کے باعث شہریوں کو طویل فاصلہ طے کرکے واپس آنا پڑتا ہے۔
شہریوں کے مطابق ڈبل روڈ منصوبے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ون وے اور ڈیوائیڈرز تو تعمیر کردیے گئے ہیں، لیکن شہر کی مقامی آبادی اور روزمرہ آمدورفت کی ضروریات کو مناسب طور پر مدنظر نہیں رکھا گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہباز چوک سے گورنمنٹ کالج تک یوٹرن نہ ہونے کے باعث سڑک کی دوسری جانب جانے کے لیے شہباز چوک یا ماڈل بازار کے یوٹرن تک جانا پڑتا ہے ۔ ان دونوں مقامات پر پہلے ہی گاڑیوں کا رش اور ٹریفک کا دباؤ رہتا ہے ، شہریوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں باقاعدہ تحریری درخواست بھی جمع کروائی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments