آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، روٹی 25 روپے میں فروخت
بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں : شہری
گوجرہ (نمائندہ دنیا) آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری، روٹی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں آٹے کی قیمت فی کلو 185 روپے سے تجاوز کر گئی، جس کے باعث مزدور طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے ۔ دکاندار گندم کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے سفید پوش شہری دو وقت کی روٹی کو بھی ترسنے لگے ہیں اور آٹے کی خریداری ان کی دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ہوٹل مالکان نے بھی روٹی کی قیمت بڑھا دی ہے اور ہوٹلوں پر روٹی 15 روپے کی بجائے 25 روپے میں فروخت ہونے لگی ہے ۔ شہریوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments