سرکاری سکولوں میں طلبہ سے صفائی کرانے پر پابندی عائد
طلبہ سے صفائی کرانے والے اساتذہ اور ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی
لاہور(خبر نگار)پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ سے صفائی کرانے پر پابندی عائد کردی گئی، محکمہ سکول ایجوکیشن نے بچوں کو جھاڑو لگانے ، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے سے روکنے کی ہدایت کردی، طلبہ سے صفائی کرانے والے اساتذہ اور سکول ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔ سکول سربراہان کو صفائی کے متبادل انتظامات یقینی بنانے اور سات روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے طلبہ کو جھاڑو لگانے ، فرش دھونے اور کچرا اٹھانے سے روک دیا۔ محکمہ کے مطابق طلبہ کو صفائی کے کاموں میں شامل کرنا تعلیمی اداروں کے بنیادی مقصد کے خلاف ہے ۔ سکولوں میں صفائی کے لیے مختص عملہ یا متبادل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول سربراہان کو صفائی کے انتظامات کا ذمہ دار قرار دے دیا، طلبہ سے صفائی کرانے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، محکمہ سکول ایجوکیشن نے صفائی سے متعلق پابندی کا نوٹیفکیشن تمام سرکاری سکولوں کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments