ہائی سکولوں میں کلاس رومز کم،بچوں کی تعداد زیادہ،طلبہ وطالبات کو مشکلات کا سامنا
گوجرانوالہ(نیوزرپورٹر)ضلع بھرکے ہائی سکولوں میں کلاس رومزکم اور بچوں کی تعداد زیادہ ہونے کا انکشاف، حکومتی پالیسی کے تحت ایک کلاس روم میں 40 بچے بیٹھانے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ۔۔۔
لیکن کلاس رومزکی کمی کے باعث سرکاری سکول میں ایک کلاس میں رومز 60سے 70طلبہ کو بیٹھایا جاتا ہے ۔ گوجرانوالہ میں 100سے زائد سے ایسے ہائی سکول ہیں جہاں کمروں کی تعداد کم جبکہ طالبعلموں کی زیادہ ہے ۔ سکولوں میں اضافی کلاس رومز بنانے کے حوالے سے رپورٹ بھی مرتب کی گئی تھی جس پر گوجرانوالہ ، کامونکی ،نوشہرہ اور وزیر آباد سے 200سے زائد ہائی سکولوں کا ڈیٹا ارسال کیا گیا جن میں مڈل سے ہائی سکول کا درجہ پانے والے درجنوں سکول شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق صرف کچھ سکولوں میں ہی کلاس رومز بنائے جا سکے ،ہائی سکولوں میں بچوں کی تعداد ایک ہزارسے تجاوز ہوچکی ہے جس کیلئے ہر سکول میں چار سے پانچ مزید کمرے بنانے کی ضرورت ہے لیکن حکومت کی جانب سے فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔اس حوالے سے سکول سربراہان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے افسروں کو متعدد بار آگاہ کیا ہے ۔