تلخی بڑھ رہی ،ملک کو قومی ڈائیلاگ کی ضرورت:ریحانہ ڈار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈارنے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آ ئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی حقیقت ہیں ،سیاسی بنیادوں پر قائم کیسز میں جیلوں میں ڈال کر زبردستی سے ا ن کے حق میں آنے والے فیصلوں کو روکا گیا ،اس ماحول سے تلخی بڑھ رہی ہے ،ملک کو قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے ، ملک کے حالات کو نارملائز کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل تلواڑہ مغلاں سے ملک عبدالغفار کی بیٹی کی شادی اور ملک طارق علی اعوان (پرتگال والے )کے صاحبزادوں کی شادی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عمران ڈار، سٹی صدر میاں اعجاز جاوید، جنرل سیکرٹری چودھری الطاف، سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ پوری قوم پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے حکمران اپنے دھاندلی زدہ اقتدار کو بچانے کیلئے ریاستی طاقت کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں ملک کے آئین اور جمہوری اقدار کے مطابق پرامن احتجاج ہر سیاسی پارٹی اور شہری کا حق ہے حکومت کو کسی صورت یہ اختیار حاصل نہیں کہ مظاہرین پر چڑھ دوڑے ،تحریک انصاف کا مینڈیٹ چھین کر حکومت بنانے والوں کے برسراقتدار رہنے کے دن گنے جاچکے ہیں انہیں اقتدار کے ایوانوں سے جلد نکلنا ہوگا جمہوری کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔