واسا حکام کی غفلت ‘ رشید کالونی کی گلیاں جوہڑ بن گئیں
سیوریج کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی جمع ،آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)واسا حکام کی غفلت کے با عث پی پی 64رشید کالونی کی گلیاں جوہڑ بن گئیں،محلہ رشید کالونی اور یوسی 49کے مکین واسا حکام کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث شدید اذیت کا شکار ہیں۔ اربوں روپے کے بجٹ اور حکومتِ پنجاب کی \"ستھرا پنجاب\" مہم کے دعوؤں کے باوجود رشید کالونی کی گلیاں، سیٹھی دواخانہ والی گلی، گلی سجاد ڈار والی اور محلہ رحمن پورہ کے بازار گندے پانی کے تالابوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ کئی روز سے سیوریج کی صفائی نہ ہونے کے باعث گلیوں میں کھڑے بدبودار پانی سے نہ صرف آمد و رفت معطل ہے بلکہ علاقے میں مچھروں کی بہتات اور مختلف وبائی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ عملہ اور سپروائزر ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ مکینوں نے وزیراعلیٰ ، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں ۔