موسم تبدیل ہوتے ہی ناک ،گلا ، معدہ کے امراض میں اضافہ
ہسپتال اور کلینکس پر رش ، پرائیویٹ ڈاکٹروں نے فیسوں میں اضافہ کردیا
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی گوجرانوالہ اور گردونواح میں الرجی ، ناک، کان اور گلہ اور پیٹ کے امراض میں اضافہ،متاثرہ مریضوں کی بڑی تعداد ہسپتالوں میں پہنچ گئی جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں اورکلینک میں بھی مریضوں کا رش لگ گیا۔ پرائیویٹ ڈاکٹروں نے فیسوں میں اضافہ کردیا ،موسم کی اچانک گرم شدت کے بعد الرجی ،آنکھوں کے امراض بڑھ گئے ، سول ہسپتال کے این اینڈ ٹی اور گیسٹرو شعبہ میں مریضوں کاریکارڈ رش لگ گیا،ناک ، کان،گلہ کی خارش ،ریشہ ،الرجی سے بیشتر مرد وخواتین متاثر ہوئے بالخصوص بچے موسمی امراض کا شکار ہونے لگے جبکہ آنکھوں کے انفکیشنز میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلی سے شہری نزلہ ،زکام سے متاثر ہورہے ہیں، الرجی کی وبا پھیل چکی ہے جبکہ پیٹ اور معدہ کے امراض میں بھی اضافہ ہوگیا جس کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔