علی پورچٹھہ:ڈمپر کی ٹکر ، موٹر سائیکل سوار ٹانگ کٹ گئی
عدنان احمد اہلیہ اور بیٹے کیساتھ جا رہا تھا ، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )کیلاسکے میں تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کی ٹانگ کاٹ دی ،واقعہ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ ڈسکہ کا رہائشی عدنان احمد اپنی اہلیہ اور 6 سالہ بیٹے محمد اسید رضا کے ہمراہ اپنے سسرال ڈھلہ جا رہا تھا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کیلاسکے کے سامنے پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا، عدنان احمد کی دائیں ٹانگ ڈمپر کے ٹائر تلے آ کر جسم سے الگ ہو گئی، ڈمپر ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے زخمی کو تشویشناک حالت میں گوجرانوالہ میڈیکل کالج منتقل کر دیا ۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ اور لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کر دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈمپر مافیا نے زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں مگر انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندے زبانی یقین دہانیوں تک محدود ہیں۔ احتجاج کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ احمد نگر چٹھہ موقع پر پہنچے اور ملزم کی فوری گرفتاری اور کارروائی کی یقین دہانی کر ائی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔شہریوں نے کہا کہ کئی معصوم شہری ڈمپروں کی زد میں آ کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ڈمپروں کے اوقات کار، رفتار اور غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں ۔